بجلی سستی کرنے سے صنعتی شعبے کو بریک تھروملے گا، روزگار میں اضافہ ہوگا:عبدالعلیم خان


بجلی سستی کرنے سے صنعتی شعبے کو بریک تھروملے گا، روزگار میں اضافہ ہوگا:عبدالعلیم خان

معیشت تیز تر، وزیر اعظم عمران خان کی دور اندیشانہ پالیسیوں کے نتائج آ رہے ہیں

دنیا کساد بازاری کا شکار، پاکستان رکاوٹوں کے باوجودترقی کی راہ پر گامزن ہے:ٹوئٹ

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے صنعتی شعبے کے لئے بجلی سستی کرنے کا فیصلہ نہ صرف تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا بلکہ اس اہم اقدام سے ملکی صنعت کو بڑا بریک تھرو ملے گا، روزگار اور ایکسپورٹ میں اضافہ ہوگا اور ملک اپنے پاؤں پر مستحکم انداز میں کھڑا ہوگا۔اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں جب دنیا کساد بازاری کا شکار ہے، پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی دور اندیشانہ پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، معیشت تیز تر ہو رہی ہے اور سرمایہ کاری میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے بڑے صنعتی ماہرین اور غیر جانبدارمبصرین موجودہ حکومت کے معترف دکھائی دیتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف سیمنٹ انڈسٹری میں 5.3ارب روپے کا منافع نیا ریکارڈ ہے جبکہ فارما سیوٹیکل کی ایکسپورٹ میں بھی 22فیصد اضافہ حوصلہ افزا امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان تیزی سے تابناک مستقبل کی طرف گامزن ہے،صنعتی شعبے کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کے باعث ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور یقین ہے کہ آنے والے تین برس ملک کے لئے کامیابی اور خوشحالی کی نوید ثابت ہوں گے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے کیے ہوئے وعدوں کے مطابق ملک کو درست ٹریک پر لاچکے ہیں اور ایڈہاک ازم سے نکال کر مستقل بنیادوں پر ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا جا رہا ہے جس کیلئے انڈسٹری بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور صنعتی شعبے کو بجلی کے نرخوں میں 50فیصد کا ریلیف تاریخی اقدام ہے جس کی ہر محب وطن پاکستان کو خوشی ہے۔






تبصرے