سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل


سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل

حکومت نے با دل نا خوانستہ سختی کی، حالات بہتر ہونے پر سرگرمیاں بحال کر دیں گے

احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں، ایس او پیز پر عمل اور حکومت سے تعاون کریں:عبدالعلیم خان

  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں،احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اس وبا کی دوسری لہر سے حفاظت کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔اپنی خصوصی گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح ذمہ دارانہ رویے سے کورونا سے اس مرتبہ بھی بچا جا سکتا ہے اب ہم نے اس چیلنج کے ساتھ ہی زندگی گزارنی ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ سماجی فاصلے اور دیگر ہدایات پر بھرپور عمل کیا جائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کورونا پر موثر کنٹرول کے لئے کارباری طبقے کی شراکت ضروری امر ہے، حکومت نے با دل نا خوانستہ سختی کی ہے اور انشاء اللہ جیسے ہی حالات بہتر ہوئے معمول کی سرگرمیاں بحال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن کورونا پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوا ہے اور پاکستان نے کئی ایک ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں کہیں بہتر حکمت عملی اپنائی جس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے تمام اقدامات شہریوں کے تحفظ کیلئے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے اس ضمن میں بھرپور تعاون کرے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ اس مرتبہ بھی ہم اس چیلنج سے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے اور کورونا کی اس لہر سے جلد از جلد چھٹکارا حاصل ہوگا۔

تبصرے