انتخابی اصلاحات وقت کا تقاضا،وزیر اعظم عمران خان کا اقدام لائق تحسین ہے:عبدالعلیم خان


  انتخابی اصلاحات وقت کا تقاضا،وزیر اعظم عمران خان کا اقدام لائق تحسین ہے:عبدالعلیم خان

 الیکٹرانک ووٹ بڑی کامیابی ہوگی،اوور سیز کو ووٹ کا حق پی ٹی آئی کا وعدہ تھا:سینئر وزیر پنجاب

 الیکشن سسٹم با اعتماد بنا کر ہمیشہ کیلئے مسئلہ حل ہو جائے گا، اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے:گفتگو

         سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے پیش کردہ سفارشات انتہائی اہمیت کی حامل اور لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ بہت بڑی کامیابی ہو گی جس سے انتخابی نتائج سب کے لئے قابل قبول ہو جائیں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا پی ٹی آئی کا ایک اہم وعدہ تھا جس کی تکمیل پر جمہوری عمل مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ انتخابی نظام میں تبدیلیاں نا گزیر ہو چکی ہیں جس کے لئے ضروری آئین سازی ہونی چاہیے۔اس حوالے سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم عمران خان نے انقلابی تجاویز دی ہیں جنہیں وہ سینٹ کے الیکشن کے موقع پر فوری طور پر نافذ العمل کرنا چاہتے ہیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ امید ہے کہ اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر حکومت کا ساتھ دے گی اور آئین سازی کے لئے اپنی سپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے جمہوری رویوں میں پختگی پیدا کریں کیونکہ انتخابی اصلاحات سے اقوام عالم میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بوسیدہ نظام میں تبدیلی لانے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے اُن کی یہ کاوش ضرور رنگ لائے گی۔   

تبصرے