پاکستان2020 میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کا چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے:عبدالعلیم خان
پاکستان2020 میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کا چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے:عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان مشکل چیلنجز سے نبردآما ہوئے،2021 معاشی استحکام کا سال ہوگا
مضبوط معیشت موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے:سینئر وزیر کی پارٹی کارکنوں سے گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور اُن کی معاشی ٹیم کی ٹھو س پالیسیوں کے باعث پاکستان 2020میں سرمایہ کاری کے معاہدوں کے حوالے سے چوتھا بڑا ملک بن گیا ہے اور رواں مالی سال کے پہلے6ماہ میں 1.9ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی بہتر معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان نے بھارت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ٹریڈ انویسٹمنٹ کے لحاظ سے ہم پہلے 5ملکوں میں شامل ہو چکے ہیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اتوار کے روز پارٹی کارکنوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان تاریخ کے مشکل ترین چیلنجز سے نبردآزما ہوئے ہیں اور انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود ثابت کیا ہے کہ مضبوط معیشت ہی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک نے بھی اپنی رپورٹ میں پاکستان کی مضبوط اکنامک گروتھ کو تسلیم کیا ہے کیونکہ گزشتہ سال کی نسبت رواں مالی سال کی برآمدات میں 7.6فیصد اضافہ سامنے آیا ہے،ٹیکسٹائل اور دوا سازی 20جبکہ چاول کی ایکسپورٹ14فیصد بڑھی ہیں۔اسی طرح گارمنٹس41اور سرجیکل کے سامان کی ایکسپورٹ میں 11فیصد اضافہ انتہائی حوصلہ افزا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسی لگن اور محنت سے کام کرتے ہوئے انشاء اللہ 2021کو معاشی استحکام کا سال بنائیں گے اورملک صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کرے گی اور ملک کو گزشتہ 72برسوں کی خرابیوں سے نجات دلائے گی۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے مختلف مسائل اور درخواستیں پیش کیں جن کے حل کے لئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں