پنجاب بھر میں کہیں گندم و آٹے کی کوئی قلت نہیں،وافر سٹاک موجود ہے:عبدالعلیم خان


پنجاب بھر میں کہیں گندم و آٹے کی کوئی قلت نہیں،وافر سٹاک موجود ہے:عبدالعلیم خان

آئندہ سال گند م کی سرکاری سطح پر خرید کا نیا طریقہ کار وضع کریں:سینئر وزیر کی ہدایت

درآمدی گندم کی فلور ملز کو ترسیل اور موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے:اعلیٰ سطحی بریفنگ اجلاس

  سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں گندم و آٹے کی کہیں کوئی قلت نہیں،حکومت اور فلور ملز کے پاس گندم کا وافر سٹاک موجود ہے اور دن بدن گندم و آٹے کی قیمتوں میں استحکام سامنے آ رہا ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے یہاں اعلیٰ سطحی محکمانہ بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں فلور ملز کو ضرورت کے مطابق گندم کی روزانہ کی بنیاد پر فراہمی جاری ہے جبکہ سہولت بازاروں میں بھی سستے آٹے کی وافر مقدار موجود ہے۔اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی 20اور10کلو آٹے کے تھیلے مطلوبہ ضرورت کے مطابق مہیا کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ مارچ اپریل تک کے لئے صوبے کی ضرورت کے مطابق گندم کا سٹاک یقینی بنائیں تاکہ کہیں کسی قسم کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی فلور ملز کو ترجیحی بنیادوں پر درآمدی گندم فراہم کر رہے ہیں جبکہ راولپنڈی، سیالکوٹ اور سرگودھا کے اضلاع کے لئے بھی وافر مقدار میں گندم کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ اٹک،بھکر اور کشمور سے دوسرے صوبوں کو گندم کی ترسیل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔انہوں نے سیکرٹری فوڈ سے کہا کہ آئندہ سال کے لئے گندم کی سرکاری سطح پر خرید کا نیا طریقہ کار وضع کریں جس سے حکومت پر موجود بوجھ کو کم کرنے کے علاوہ مارکیٹ میں مقابلے کی فضا ء پیدا ہو سکے۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹری خوراک پنجاب شہریار سلطان اور ڈائریکٹر فوڈ دانش افضال نے سینئر وزیر کو بتایا کہ مختلف بے ضابطگیوں پر صوبے بھر کی فلور ملز کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں کی گئی ہیں،درآمدی گندم کی صوبے بھر میں بلا تعطل اور فوری ترسیل سے گندم و آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔انہوں نے دیگر محکمانہ امور پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔

تبصرے