بھارت کسی بھول میں نہ رہے، اینٹ کا جواب پتھر سے ملے گا:عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان نے مودی ذہنیت کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا
دشمن کو سبق سکھانے کیلئے ہر پاکستانی اپنی فوج کے ساتھ کھڑا ہے:خصوصی گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ دشمن ملک بھارت کی پاکستان کے خلاف تمام سازشیں بری طرح ناکام ہوں گی،مودی سرکار کا اصل مقصد پاکستان کو کسی نہ کسی طرح اپنے دباؤ میں لانا ہے جس میں اُسے کسی قیمت پر کامیابی نہیں ہو گی۔ بھارتی رویے اور سرحدی صورتحال کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ دشمن کسی بھول میں نہ رہے شرارت کی تو اُس کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمہ وقت چوکنا اور ہر قسم کے مقابلے کے لئے تیار ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مودی ذہنیت کا ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ہندو وانہ پالیسی کی اصلیت کو دنیا پر آشکار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت بھارت کو کسی قیمت پر پاکستان کی ترقی و خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی اسی لیے وہ اپنی مذموم کاروائیوں کی آڑ میں دنیا کی مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے اور فالس آپریشن کی باتیں ہو رہی ہیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ سرحدوں پر بلا جواز نہتے شہریوں پر فائرنگ بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے لیکن مودی کسی غلط فہمی میں نہ رہے اُسے اپنے کیے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پاک فوج کی تاریخ شہادتوں سے بھری پڑی ہے اور ہر فوجی جوان اپنی پاک دھرتی پر جان نچھاور کرنے میں فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک دھرتی کے چپے چپے کا تحفظ ہر پاکستانی کی دیرینہ خواہش ہے جس میں کسی قسم کی پہلوتہی نہیں ہو گی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں