اچکزئی کا لاہور اور پنجاب دشمنی پر مبنی بیانیہ قابل مذمت ہے:عبدالعلیم خان
اچکزئی کا لاہور اور پنجاب دشمنی پر مبنی بیانیہ قابل مذمت ہے:عبدالعلیم خان
عمران خان کی مخالفت میں اس حدتک جانا نا قابل فہم ہے،تاریخ مسخ نہ کریں
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا محمود اچکزئی کے خطاب پر غم و غصے کا اظہار
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سیاست کی آڑ میں صوبائیت کو ہوا دینا کسی طور قابل قبول نہیں، محمود اچکزئی کا لاہور اور پنجاب دشمنی پر مبنی بیانیہ قابل مذمت ہے جس کا خود پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔
عبدالعلیم خان نے مینار پاکستان کے جلسے میں محمود اچکزئی کے خطاب پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندہ دلان لاہور کے خلاف ایسی الزام تراشی کسی بھی مثبت سیاسی سو چ کا حصہ نہیں ہو سکتی،اچکزئی تاریخ مسخ نہ کریں انہیں اس مہم جوئی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور نہ ہی پاکستان کے با شعور عوام اُن کے اس موقف پر کان دھریں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف اور صرف عمران خان کی مخالفت میں اس حد تک جانا نا قابل فہم ہے،محمود اچکزئی اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کے لئے تمام حدیں پار کر رہے ہیں لیکن انہیں اس میں کامیابی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ساری قوم سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہے اور وہ انتشار کی کوششوں کو نا کام بنائے گی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اپوزیشن کو ایشوز کی سیاست کرنی چاہیے اور ایسی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے 73سال بعد بھی وطن عزیز کے بارے میں بغض رکھنا قابل افسوس ہے جس کی کوئی بھی محب وطن حمائیت نہیں کر سکتا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ محمود اچکزئی کے خطاب سے لاہور اور پنجاب ہی نہیں ہر پاکستانی کا دل دکھا ہے اور انہیں ساری قوم سے اس پر معذرت کرنی چاہیے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں