انتخابی اصلاحات کا فیصلہ خوش آئند، عمران خان درست ٹریک پر گامزن ہیں:عبدالعلیم خان


 انتخابی اصلاحات کا فیصلہ خوش آئند، عمران خان درست ٹریک پر گامزن ہیں:عبدالعلیم خان

سیاسی جماعتیں مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی نہ اپنائیں، جمہوری عمل میں ساتھ دیں 

 "شو آف ہینڈ"سے ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوگی، سینٹ مزید مضبوط ہوگا:سینئر وزیر کا ٹوئٹ

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا سینٹ کے الیکشن میں اصلاحات لانے کا فیصلہ خوش آئند ہے،یہ امر واضح ہے کہ اپنے سیاسی فائدے کی پرواہ کیے بغیر عمران خان انتخابی عمل میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ "شو آف ہینڈ"کے طریقہ کار سے نہ صرف ہارس ٹریڈنگ کی شکایات نہیں ہوں گی بلکہ سینٹ مزید مضبوط ہوگا اور چاروں صوبوں کی نمائندگی کرنے والے اس ادارے کے وقارمیں اضافہ ہوگا۔ اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات کا ساتھ دیں اور محض مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی نہ اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو مضبوط بنانا تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور تحریک انصاف ملکی نظام میں بہتری لانے کا وعدہ پورا کر رہی ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے ہر شعبے کو درست ٹریک پر گامزن کرنا چاہتے ہیں اسی لیے پی ٹی آئی اپنا فائدہ سوچنے کی بجائے اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے بارے میں حکومتی سفارشات سے ملک میں جمہوریت کا نظام مزید بہتر ہوگا اور سیاسی جماعتوں کو نمائندگی کا جائز حق مل سکے گا۔ عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک دن بدن بہتری کی طرف سفر جاری رکھے گا اور آئندہ اڑھائی برسوں میں ہر شعبے میں تیزی سے اصلاحات سامنے آئیں گی۔ 

 

 


تبصرے