تمام بڑے سیاسی رہنما اور افسران جیل گئے لیکن جیلوں کے حالات نہیں بدلے:عبدالعلیم خان

 

   تمام بڑے سیاسی رہنما اور افسران جیل گئے لیکن جیلوں کے حالات نہیں بدلے:عبدالعلیم خان

قیدیوں کیلئے اشیائے ضروریہ کی فراہمی و ڈبل سٹوری بیرکس تعمیر کی جائیں:سینئر وزیر پنجاب 

ویلفئیر فنڈ کے استعمال اورمحکمہ جیل خانہ جات کا آئندہ اجلاس کوٹ لکھپت جیل میں رکھنے کا فیصلہ 

 سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قیدیوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ہر حال میں عمل میں لانا ہوگی جس کے لئے تمام قیدیوں کو روزمرہ کے استعمال کی بنیادی اشیاء کی فراہمی ضرور ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام بڑے سیاسی رہنما و افسران جیل گئے لیکن جیلوں کے حالات نہیں بدلے اور اب بھی کئی جیلوں کی صورتحال افسوسناک ہے جہاں بہت سی بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے۔آج یہاں 90شاہراہ قائد اعظم پر محکمہ جیل خانہ جات کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جیلوں کی بیرکس میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدی رکھنا غیر انسانی عمل ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ گنجائش بڑھانے کے لئے جیلوں میں ڈبل سٹوری نئی بیرکس تعمیر کی جائیں۔اسی طرح قیدیوں اور جیلوں کے عملے کی فلاح و بہبود کے لئے بھی فنڈز کا درست استعمال کیا جانا چاہیے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ جیل خانہ جات اور دیگر متعلقہ محکموں کو باہم مربوط اقدامات کرنے ہوں گے جس کے لئے آئندہ جائز ہ اجلاس اگلے ہفتے کوٹ لکھپت جیل میں رکھا جائے گا تاکہ موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ اسی طرح اس کے بعد کسی ایسی جیل کا دورہ بھی کریں گے جہاں مسائل بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے قیدیوں کی تیار کردہ مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ کے لئے نجی کاروباری اداروں کو شامل کیا جانا چاہیے تاکہ اُن کی محنت کا بہتر سے بہتر معاوضہ مل سکے۔ سینئر وزیر نے بتایا کہ اُن کے جیل میں کیے گئے مشاہدے کی روشنی میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کوٹ لکھپت جیل سمیت شیخوپورہ،قصوراورملتان کی5جیلوں میں قیدیوں کے لئے فلاحی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اس فاؤنڈیشن کی طرف سے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں کھانے پینے اور واش روم سمیت بنیادی سہولیات کی اپ گریڈیشن کر کے ماڈل بیرکس تیار کی گئی ہیں اور قیدیوں کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔سینئر وزیر نے کہا کہ ہمیں قیدیوں کے ساتھ ساتھ جیل حکام کی فلاح و بہبود اور بہتری کی طرف بھی توجہ دینا ہوگی تاکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سر انجام دے سکیں۔

    اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ جیلوں کے اندر بہت سی اصلاحات کی گنجائش موجود ہے اور سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی ہدایات کے مطابق بہت جلد بہتری لانے کا عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ سپیشل سیکرٹری ہوم،ڈی آئی جی جیل خانہ جات، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر محکموں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے جیلوں کی صورتحال،ممکنہ اصلاحات اور مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔       

 


 

 


تبصرے