جے یو آئی کا فوج کو سیاست میں ملوث کرنا کوئی قومی خدمت نہیں:عبدالعلیم خان

 

جے یو آئی کا فوج کو سیاست میں ملوث کرنا کوئی قومی خدمت نہیں:عبدالعلیم خان

 مولانا اپنی ذاتی شکست کا بدلہ لینے کیلئے قومی اداروں کو داؤ پر نہ لگائیں:سینئر وزیر پنجاب

 پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کو بھی جے یو آئی کی پالیسی کا نوٹس لینا چاہیے:عبدالعلیم خان کا ٹوئٹ

 سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے جے یو آئی کے سینئر رہنماؤں کے فوج کے بارے میں موقف پر سخت رد عمل اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حساس قومی اداروں کو سیاست میں ملوث کرنا کسی طوربھی کوئی قومی خدمت نہیں اور جے یو آئی کے چند رہنما اپنی گرتی ہوئی ساکھ کا الزام افواج پاکستان پر نہ دھریں بلکہ حقائق کا سامنا کریں اور دوسروں پر الزام تراشی کے ذریعے خود کو مطمئن نہ کریں۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف اور جی ایچ کیو کے خلاف کی گئی بیان بازی ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے کیونکہ افواج پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی کی کوئی محب وطن ہرگز حمائیت نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی مخالفت میں اس قدر یکطرفہ الزام تراشی کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔مولانا فضل الرحما ن اپنی ذاتی شکست کا بدلہ لینے کے لئے قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی نہ کریں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ساری قوم نے دیکھ لیا ہے کہ جے یو آئی کے اپنے ہی سینئر رہنماؤں نے مولانا کی اصلیت آشکار کر دی ہے جنہیں اس کی پاداش میں پارٹی رکنیت سے بھی ہاتھ دھونا پڑا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کو بھی جے یو آئی کی ایسی گمراہ کن بیان بازی کا نوٹس لینا چاہیے اور افواج پاکستان کی قیادت کو مورد الزام ٹھہرانے سے باز رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری تقاضوں کے مطابق اپوزیشن کو 2023تک انتظار کرنا ہوگا اور آئندہ عام انتخابات میں عوام فیصلہ کریں گے کہ وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم کس حد تک عوامی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب رہی ہے۔









تبصرے