وزیر اعظم کی پالیسیوں کی بدولت آٹے کی قیمتیں 7ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں:عبدالعلیم خان

 

وزیر اعظم کی پالیسیوں کی بدولت آٹے کی قیمتیں 7ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں:عبدالعلیم خان

 آٹے کا تھیلا مقررہ قیمت سے بھی کم میں دستیاب، پہلی مرتبہ جنوری میں کمی کا رحجان سامنے آیا

 محکمہ خوراک اور متعلقہ ادارے مانیٹرنگ کر رہے ہیں:سینئر وزیرکو سیکرٹری فوڈ کی بریفنگ 

   سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں آٹے کی قیمتیں 7ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں ہیں اور مختلف شہروں میں 20کلو آٹے کا تھیلا مقررہ سرکاری قیمت سے بھی کم میں دستیاب ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ٹھوس اور مربوط پالیسیوں کی بدولت گندم و آٹے کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور پہلی مرتبہ جنوری کے مہینے میں یہ قیمتیں نیچے آئی ہیں جبکہ عموماً اس مہینے میں قیمت بڑھانے کے لئے گندم و آٹے کو ذخیرہ کر لیا جاتا تھا لیکن اس مرتبہ صورتحال مختلف ہے اور لوگوں کو ریلیف حاصل ہوا ہے۔ سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان سے سیکرٹری خوراک پنجاب شہریار سلطان نے ملاقات کی اور صوبے میں فلور ملز کو گندم کی سپلائی اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ 

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا بر وقت گندم درآمد کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے اور اس کے مثبت اثرات بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی خوراک کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور گندم و آٹے کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ خوراک پنجاب اور متعلقہ ادارے مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے آٹے کی قیمتوں میں سامنے آنے والی کمی کو باعث اطمینان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی عوام کو ریلیف دینے کی پالیسی جاری رکھیں گے اور مارکیٹ میں گندم و آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

  اس موقع پر سیکرٹری خوراک پنجاب شہریار سلطان نے سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو محکمہ خوراک کی مختلف شہروں میں کی جانے والی اب تک کی کاروائیوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں فلور ملز کو گندم کی بر وقت سپلائی جاری ہے۔ملاقات میں محکمے سے متعلق دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔  

     

تبصرے