نیا سال:وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے:عبدالعلیم خان

نیا سال:وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے:عبدالعلیم خان 

ملک دشمن عناصر ناکام ہوں گے، ہر شہری فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے:سینئر وزیر پنجاب 

 ملک اقتصادی لحاظ سے بہتری کی طرف گامزن، خوشحالی ہر پاکستانی کی دلی خواہش ہے:ٹوئٹ

 سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نئے سال 2021میں ہم سب اللہ تعالیٰ سے ملک کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں کیونکہ یہ ہر پاکستانی کے دل کی خواہش اور آرزو ہے کہ وطن عزیز کو درپیش مسائل ختم ہوں اور ملک صحیح معنوں میں ترقی کرے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریں گے اور انشاء اللہ ان سے عہد ہ برآ بھی ہوں گے۔

    اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی وبیرونی محاذ پر مختلف مسائل کا سامنا ہے،ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے،پاکستان دشمن عناصر ناکام ہوں گے اور ہر شہری اپنی پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے جو کبھی بھی وطن عزیز پر آنچ نہیں آنے دے گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان تمام تر خطرات اور کورونا کی صورتحال کے باوجود معاشی اور اقتصادی لحاظ سے بہتری کی طرف رواں دواں ہے اور دن بدن سامنے آنے والے اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال2021میں پی ٹی آئی کی حکومت کے منشور پر تیزی سے عملدرآمد ہوگا،وزیر اعظم عمران خان تمام معاملات کو خود مانیٹر کر رہے ہیں اور عام آدمی کی حالت کو بہتر بنانا، ملک کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنا اور فرسودہ نظام میں تبدیلی لانا اُن کا مشن ہے جس کے لئے کسی قسم کی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ہم سب پر امید ہیں کہ 2021کا سال ہر لحاظ سے خوشی کی نوید ثابت ہوگا اور عام شہریوں کو و ہ ریلیف ضرور ملے گا جس کی انہیں وزیر اعظم عمران خان اور موجودہ حکومت سے توقع ہے۔   




تبصرے