سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی لاہور میں ملاقات
سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کی لاہور میں ملاقات
ریلوے کالونیوں میں رہائشیوں کو درپیش مسائل پر بات چیت، موقع پر احکامات جاری
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت میں گامزن ہے،دونوں رہنماؤں کی گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کے مابین لاہور میں تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں بالخصوص ریلوے کالونیوں کے رہائشیوں کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے لاہور شہر کے ریلوے کے رہائشیوں کے علاقے میں بنائی جانے والی سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا اور گھروں کی بوسیدہ حالت سمیت مختلف مسائل کی نشاندہی کی۔ وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ریلوے کالونیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
اس موقع پرسینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک درست سمت میں گامزن ہے اور موجودہ حکومت نے کورونا اور دیگر مشکلات کے باوجود درپیش چیلنجز کا احسن انداز میں سامنا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آئندہ اڑھائی برسوں میں تیزی سے عوامی مسائل حل کرے گی۔دونوں رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان عوام سے کیے ہوئے سارے وعدے پورے کریں گے اور ملک کو فرسودہ اور کرپشن زدہ نظام سے چھٹکارا دلائیں گے۔دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت پر تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہیے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں جمہوری تقاضوں کے مطابق اپنا کردار اداکریں اور اس امر کو تسلیم کریں کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور اُن کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے اور ملک دن بدن ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے مابین تحائف کا بھی تبادلہ ہوا اور ایک دوسرے کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیاگیا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں