سرکاری سطح پر گندم کی خرید کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عام شہری تک پہنچناچاہیے:عبدالعلیم خان

 سرکاری سطح پر گندم کی خرید کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عام شہری تک پہنچناچاہیے:عبدالعلیم خان

گندم کی خرید کے لئے مختلف تجاویز پر غور، حتمی منظور وزیر اعظم عمران خان دیں گے:گفتگو

 پنجاب تمام صوبوں کو" فروٹ باسکٹ"کے طور پر گندم و آٹا فراہم کرتا ہے:اعلیٰ سطحی اجلاس

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں آئندہ سیزن کے لئے گندم کی سرکاری سطح پر خرید کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں اور کوشش کی جائے گی کہ گندم کی خرید اور فلور ملز کو فراہمی کے نظام کو مزید مربوط بنایا جائے تاکہ سرکاری سطح پر گندم کی خریدکا زیادہ سے زیادہ بلا واسطہ فائدہ عام شہری تک پہنچ سکے۔وہ یہاں لاہور میں سرکاری سطح پر گندم کی خرید کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، حسین جہانیاں گردیزی،ہاشم جواں بخت اور چیف سیکرٹری پنجاب کے علاوہ اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی اور اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے گندم کی خریداری مہم کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب تمام صوبوں کو "فروٹ باسکٹ"کے طور پر گندم و آٹا فراہم کرتا ہے اور یہاں سے ہر سیزن میں گندم صوبہ خیبر پختونخوا اور افغانستان تک جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کی گندم خریداری مہم کی پالیسی کی حتمی منظور ی وزیر اعظم عمران خان دیں گے جنہیں سفارشات بھجوائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں گندم و آٹے کی قیمتوں میں استحکام کے لئے بھی مختلف تجاویز تیار کی گئیں ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو گندم کی ہر سال خرید پر بھاری اخراجات اٹھانا پڑتے ہیں اور ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے گندم کی خرید اور فلور ملز کو فراہمی کے لئے مختلف اقدامات زیر غور ہیں جنہیں جلد حتمی شکل دے دی جائے گی اور اس کا اطلاق آنے والی گندم خریداری مہم پر کیا جائے گا۔









 



تبصرے