وزیر اعظم عمران خان کی"اکنامک اپروچ"سے ترقی کا پہیہ رواں دواں ہے:عبدالعلیم خان

 وزیر اعظم عمران خان کی"اکنامک اپروچ"سے ترقی کا پہیہ رواں دواں ہے:عبدالعلیم خان

 سٹاک ایکسچینج 34ماہ کی بہترین پوزیشن پر،بزنس والیم 284ملین ڈالر سے زیادہ ہو گیا

گزشتہ13برسوں کے مقابلے میں کاروباری حجم بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے:ٹوئٹ


  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی "اکنامک اپروچ "کے باعث ملک میں ترقی کا پہیہ تیزی سے رواں دواں ہے اور پاکستان کا سٹاک ایکسچینج گزشتہ34ماہ کی بہترین پوزیشن پر آ گیا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ13برسوں کے مقابلے میں پہلی مرتبہ کاروباری حجم بلند ترین سطح پر ہے جس کے باعث ملکی معیشت میں بہتری کے اعشاریے سامنے آ رہے ہیں۔
اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی سطح پر کاروباری حجم کا284ملین ڈالر کی حد عبور کرنا انتہائی خوش آئند امر ہے اور ثابت ہو رہا ہے کہ ملکی معیشت وزیر اعظم عمران خان کی ویژن اور بر وقت پالیسیوں کے باعث درست ٹریک پر ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام تر اندرونی اور بیرونی مشکلات کے باوجود بڑی کامیابیاں سامنے آئی ہیں، موجودہ قومی قیادت نے کورونا سمیت تمام چیلنجز کا بخوبی سامنا کیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب پالیسیوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشاء اللہ آنے والے اڑھائی برسوں میں ملک کو معاشی لحاظ سے مزید مضبوط بنائیں گے اور موجودہ حکومت سے عام آدمی کو وابستہ تمام توقعات پوری ہوں گی اور ملک کو فرسودہ اور کرپٹ نظام سے نجات ملے گی۔



تبصرے