پاکستان جنوبی ایشیا میں بہترین معیشت کا حامل ملک بن گیا ہے:عبدالعلیم خان


  پاکستان جنوبی ایشیا میں بہترین معیشت کا حامل ملک بن گیا ہے:عبدالعلیم خان

برسوں بعد ترسیلات زر کا حجم 48ارب ڈالر،رواں سال بڑی کامیابیاں ہونگی 

ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا:ٹوئٹ

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ اڑھائی برسوں کی کوششوں اور دوررس نتائج کی حامل پالیسیوں کی بدولت پاکستان معاشی لحاظ سے جنوبی ایشیا کا بہترین کارکردگی کا حامل ملک بن گیا ہے اور ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ سامنے آ رہا ہے جو وزیر اعظم عمران خان اور اُن کی ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں جہاں بھارت اور بنگلہ دیش کی ایکسپورٹ 6فیصد کم ہوئی ہیں وہاں پاکستان کی برآمدات 7.2فیصد بڑھی ہیں اور سال2020کے نومبر اور دسمبر کے مہینوں میں ملکی ایکسپورٹ میں 18.3فیصد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بر وقت اقدامات سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار بھی واضح کر رہے ہیں کہ ٹھوس پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔سینئر وزیر نے مزید کہا کہ برآمدات اور ترسیلات زر کا حجم 48ارب ڈالر جبکہ درآمدات کی مجموعی مقدار 44ارب ڈالر رہنے کی امید ہے جس سے برسوں بعد تجارتی اخراجات کے مقابلے میں پاکستان منافع حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور بہتری کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی فہم و دانش کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا اور اعدادو شمار ظاہر کر رہے ہیں کہ اگر یہ رفتار جاری رہی تو انشاء اللہ پاکستان نہ صرف خطے میں نمایاں ترقی کرے گا بلکہ دنیا بھر میں معیشت کے حوالے سے بڑا بریک تھرو ثابت ہوگا۔




 

 


تبصرے