انتخابی اصلاحات پارٹی منشور، عمران خان کسی اقدام سے گریز نہیں کرینگے:عبدالعلیم خان

 انتخابی اصلاحات پارٹی منشور، عمران خان کسی اقدام سے گریز نہیں کرینگے:عبدالعلیم خان

 سینٹ میں حکومت اپنی نشستوں پر کامیاب ہو گی، اوپن بیلٹ کا آپشن استعمال ہونا چاہیے

 منتخب ایوانوں میں خرید و فروخت نہیں ہونی چاہیے،اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے:گفتگو

   سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سینٹ کے انتخابات میں حکومت اپنے حصے کی تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہیں اور وزیر اعظم عمران خان اس سلسلے میں کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔سینٹ الیکشن اور انتخابی اصلاحات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شفافیت کے لئے "شو آف ہینڈ"اور "اوپن بیلٹ"جیسے آپشن ضرور استعمال ہونے چاہئیں کیونکہ منتخب ایوانوں میں خرید و فروخت نہیں ہونی چاہیے اور اپوزیشن کو بھی حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سینٹ الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے نیک نیتی سے پیش رفت کی ہے اور ماضی میں بھی اپنی ہی پارٹی کے اراکین کے خلاف ضابطے کی کاروائی کر کے ثابت کر دیا کہ وہ کسی دباؤ کا شکار نہیں ہو ں گے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ صرف سیاسی مخالفت کی بنا پر حکومت کاساتھ نہ دینا افسوسناک امر ہے،اپوزیشن جماعتیں انتخابی نظام میں بہتری لانے کا یہ موقع نہ گنوائیں کیونکہ ملک میں انتخابی عمل مضبوط ہوگا تو کسی کو بھی دھاندلی کی شکائیت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر شعبے میں صاف اور شفا ف نظام لانے کے خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لئے انہوں نے گزشتہ اڑھائی برسوں میں متعدد عملی اقدام اٹھائے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ دو تہائی اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت نے اپنا فرض ادا کیا ہے اور انتخابی نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنے کے لئے پیش رفت کی ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت کی حمائیت کرنی چاہیے۔ 


 

 


تبصرے