پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام:بلا واسطہ انتخاب،با اختیار ادارے اور آبادی کے تناسب سے اصلاحات


 پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام:بلا واسطہ انتخاب،با اختیار ادارے اور آبادی کے تناسب سے اصلاحات 

 نئے بلدیاتی نظام میں اختیارات کی واضح تقسیم اور دوہرے پن کو ختم کرنا چاہتے ہیں:عبدالعلیم خان

 وزیر اعظم عمران خان مضبوط بلدیاتی اداروں کے خواہاں ہیں،بہتر نظام لائینگے:اعلیٰ سطحی اجلاس 

 سینئر وزیر پنجاب کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر غور وخوض، صوبائی وزراء کی شرکت

  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں موثر اور بہترین بلدیاتی نظام لانا اولین ترجیح ہے،پنجاب میں آبادی کے تناسب سے مختلف شہروں میں ویلج اور نیبر ہڈ کونسلز کے علاوہ میونسپل کارپوریشن اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ادارے تشکیل پائیں گے جبکہ تمام "ٹئیرز"پر بلا واسطہ انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ وہ آج یہاں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پنجاب کے وزیر قانون راجہ محمد بشارت اور صوبائی وزراء میاں محمود الرشید،میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، سبطین خان،چوہدری ظہیر الدین،میاں خالد محمود اور چوہدری اخلاق حسین کے علاوہ اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی جبکہ اس اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کاکہنا تھا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی ایکٹ میں اختیارات کی واضح تقسیم اور موجودہ دوہرے پن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مضبوط بلدیاتی اداروں پر یقین رکھتے ہیں اور انشاء اللہ پنجاب کے نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کو وزیر اعظم کی امنگوں کے مطابق مثالی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے نئے بلدیاتی اداروں کی تشکیل کے لئے اہم فیصلے کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی جائے گی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ماڈل کو بھی سامنے رکھا جائے گا اور صوبے کے مختلف شہروں میں بلدیاتی اداروں کا قیام وہاں کی آبادی کو سامنے رکھ کر عمل میں لایا جائے گا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو زیادہ سے زیادہ با اختیار اور موثر بنانا ترجیح ہے تاکہ لوگوں کے مسائل فور ی اور مقامی سطح پر ہی حل ہو سکیں۔

اجلاس میں صوبائی وزراء نے بھی پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2019کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں جبکہ محکمہ بلدیات کی جانب سے اس حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے صوبے میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے قائم کردہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا تھا جس کے کنوئینرسینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان ہیں اور اس کمیٹی کا مقصد نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے حوالے سے تجاویز پیش کرنا ہے۔



تبصرے