شہروں میں آبادی کے تناسب سے بلدیاتی ادارے تشکیل پائیں گے: عبدالعلیم خان
شہروں میں آبادی کے تناسب سے بلدیاتی ادارے تشکیل پائیں گے: عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کے خواہاں ہیں:سینئر وزیر
پنجاب کے بلدیاتی ایکٹ2019پر غور و خوض کے لئے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
وزیر قانون راجہ بشارت سمیت 8صوبائی وزراء کی اجلاس میں شرکت و مشاورت
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطحی جائز ہ اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا جس میں صوبائی وزیر قانون راجہ محمد بشارت سمیت صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، ہاشم جواں بخت، سبطین خان، میاں خالد محمود، حسنین بہادر دریشک،سردار آصف نکئی،چوہدری اخلاق حسین اور چوہدری ظہیر الدین نے شرکت کی اور نئے بلدیاتی اداروں کے قیام کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں جن میں بلدیاتی اداروں کی از سر نو تشکیل،مختلف شہروں میں میونسپل کمیٹیوں،ٹاؤن کمیٹیوں اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا قیام شامل تھا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں آبادی کے تناسب سے آئندہ بلدیاتی ادارے تشکیل پائیں گے تاکہ شہریوں کی مشکلات اور روزانہ کے مسائل کا بہتر سے بہتر حل ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پنجاب میں مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کے خواہاں ہیں کیونکہ بلدیاتی اداروں کی تشکیل موجودہ حکومت کے منشور کا اہم حصہ ہے جس کا کامیاب تجربہ صوبہ کے پی کے میں کیا جا چکا ہے۔سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ تحصیلوں اور دیہات کی سطح پر بھی نئے بلدیاتی نظام میں مناسب تبدیلیاں لائیں گے جس کے لئے صوبائی وزراء کے مابین مشاورت عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے نئے بلدیاتی سیٹ اپ کو زیادہ سے زیادہ موثر اور عوام کے لئے کار آمد بنانا اولین ترجیح ہے جس کے لئے بلدیاتی ایکٹ2019کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے محکمہ بلدیات کی جانب سے مختلف شہروں کے لئے تیار کی گئی تجاویز پیش کیں جن پر شرکاء نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت قائم کردہ اس اعلیٰ سطحی کمیٹی کا یہ تیسرا اجلاس تھا جس میں بلدیاتی ایکٹ 2019کے حوالے سے تفصیلی بحث کی گئی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں