وزیر اعظم کا پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ بہادرانہ ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
وزیر اعظم کا پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ بہادرانہ ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
ذاتی مفاد یا اقتدار کی نہیں بلکہ اصل کشمکش" سٹیٹس کو" اور تبدیلی کے مابین ہے
عمران خان سرخرو ہوں گے،حکومت کامیاب ٹھہرے گی،مخالفین کے منہ بند ہو جائینگے
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ بہادرانہ اور لائق تحسین ہے جس سے سیاسی مخالفین کے منہ بند ہو جائیں گے اور حکومت کامیاب ٹھہرے گی۔اپنی گفتگو میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لے کر سرخرو ہوں گے کیونکہ وہ ذاتی مفاد یا اقتدار کی نہیں بلکہ عوام،جمہوریت اور پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل کشمکش "سٹیٹس کو"بر قرار رکھنے اور تبدیلی لانے کے مابین جاری ہے،عمران خان نے ایک مرتبہ پھر ایسا فیصلہ کیا ہے جس کا روائتی سیاست کرنے والے مقابلہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کے الیکشن میں ایک سیٹ پر جو کچھ ہوا اُس سے عمران خان کا موقف درست ثابت ہو گیا جبکہ دوسری طرف اسلام آباد کی سیٹ پرہی خاتون سینیٹر کی کامیابی پی ٹی آئی کی عددی اکثریت واضح کرنے کے لئے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو دہائی قبل جس سیاسی جدوجہد کا آغاز کیا تھا وہ آج بھی جاری ہے اور انشاء اللہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو سینٹ کے الیکشن میں کسی بھی صوبے میں اپنی تعداد سے کم ووٹ نہیں ملے اور پی ٹی آئی ایوان بالا میں سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے جو وزیر اعظم عمران خان کی ایک اور بہت بڑی کامیابی ہے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک کے بہتر مستقبل کے لئے ہمیشہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کی ہے اور اُن کا اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں