گند م کی قیمت میں اضافے پر وزیر اعظم عمران خان کے شکر گزا ر ہیں:عبدالعلیم خان
ایک سال میں 400روپے کا اضافہ تاریخی اقدام ہے، دیہاتوں میں خوشحالی آئیگی
گندم کی قیمت بڑھنے کے باوجود سستے آٹے کی فراہمی جاری رکھیں گے:گفتگو
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت میں اضافے پر وزیر اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں جن کے اس اقدام کے باعث ایک سال میں گندم کے سرکاری نرخوں میں 400روپے فی من کا اضافہ ہوا اور اب پنجاب حکومت کسانوں سے 1800روپے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی۔اتوار کے روز اپنی خصوصی گفتگو میں سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر گندم کی قیمت میں اضافے کے باوجود آٹا مہنگا نہیں ہوگا اور صوبائی حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ سارا سال رواں نرخوں پر صارفین کو آٹے کی فراہمی جاری رہے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت سستے آٹے کے لئے مسلسل سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور اب تک سبسڈی کی مد میں 80ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے جس کے باعث پنجاب بھر میں آٹے کا تھیلا مقررہ قیمت860روپے میں فروخت کیا جاتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پنجاب کے تمام اضلاع میں اسی قیمت پر وافر مقدار میں آٹا دستیاب ہے۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا گندم کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ تاریخی ہے جس سے 70فیصد دیہی آبادی مستفید ہو گی اور کاشتکاروں کو نہ صرف اپنی محنت کا بہترین معاوضہ ملے گا بلکہ انہیں مزید خوشحالی میسر آئے گی۔سینئر وزیر پنجاب نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت رمضان المبارک کے مہینے میں بھی سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائے گی جس کے لئے تیاری مکمل ہے اور مطلوبہ گندم پہلے ہی علیحدہ رکھ لی گئی ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو بھی عام آدمی کے لئے گندم پر سبسڈی پلان لانا چاہیے اور شہریوں کیلئے سستے آٹے کی فراہمی عمل میں لانی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں فلور ملز کو ساراسال سرکاری نرخوں پر گندم کی فراہمی جاری رہے گی تاکہ بلا روک ٹوک سستا آٹا مارکیٹ میں فراہم ہوتا رہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں