یوم پاکستان ہم سب کو وطن عزیز کے قیام کے عظیم مقاصد کی یاد دلاتا ہے:عبدالعلیم خان
یوم پاکستان ہم سب کو وطن عزیز کے قیام کے عظیم مقاصد کی یاد دلاتا ہے:عبدالعلیم خان
بھارتی مسلمانوں کی حالت زار سے آج بھی واضح ہے کہ قائد اور اقبال درست تھے
وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا ہے:گفتگو
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 23مارچ کا دن ہم سب کو وطن عزیز کے قیام کے عظیم مقاصد کی یاد دلاتا ہے جس روز 81برس قبل دو قومی نظریے کی بنیاد پر بر صغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کے قیام کی داغ بیل ڈالی گئی۔23مارچ کے موقع پر خصوصی گفتگو میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ منٹو پارک میں پیش ہونے والی قرارداد پاکستان کا اصل نظریہ آج بھی اسی طرح زندہ ہے اور بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار اور مخصوص ہندوانہ ذہنیت واضح کر رہی ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریک پاکستان کے اکابرین درست تھے۔ اسی طرح کشمیر میں ہونے والے مظالم بھی ثابت کر رہے ہیں کہ ہندو کس قدر متعصب ذہنیت کا مالک ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کے دن نئی نسل کو قیام پاکستان کے اصل مقاصد سے آگاہی ہونی چاہیے اور انہیں آزادی جیسی بڑی نعمت کی بلا شبہ قدر کرنا ہوگی۔ سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا بھر میں بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور ہماری افواج بھی ملک کو محفوظ بنانے اور دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو خود انحصاری اور خوشحالی سے ہمکنار کرنے کے لئے کوشاں ہے جس میں انشاء اللہ بھرپور کامیابی ہوگی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں