پنجاب میں یکم اپریل سے گندم خریداری مہم کا آغاز،کسانوں کو باردانے کی تقسیم شروع

  پنجاب میں یکم اپریل سے گندم خریداری مہم کا آغاز،کسانوں کو باردانے کی تقسیم شروع 

 محکمہ خوراک کی تیاریاں مکمل،ہدف 3.5سے5ملین میٹرک ٹن ہوگا:سینئر وزیر پنجاب

 کورونا ایس او پیز سمیت تمام اقدامات یقینی بنائیں،خود دورے کرونگا:عبدالعلیم خان

  پنجاب بھر میں گندم کی خریداری مہم کا آغاز یکم اپریل سے کیا جا رہا ہے جس کے لئے کسانوں کو بلا تفریق باردانے کی تقسیم کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے جبکہ گندم خریداری مہم کا ہدف 3.5سے 5ملین میٹرک ٹن مقرر کرتے ہوئے محکمہ خوراک نے ضروری تیاریاں بھی مکمل کر لی ہیں۔

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے اس حوالے سے گفتگو رکرتے ہوئے بتایا کہ گندم خریداری مراکز پر کورونا ایس او پیز سمیت تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور کسانو ں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں گی۔اسی طرح باردانے کی وافر فراہمی اور خریداری مراکز پر "نہ قطار نہ انتظار"کی پالیسی اپنائی جائے گی۔سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گندم کی سرکاری قیمت میں 400روپے کے اضافے کے بعد1800روپے فی من گندم خریدیں گے جو کسانوں کے لئے خوشحالی کا عملی قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ باردانے کی خرید کے لئے اس سال بھی کسانوں کے لئے زمین کی فرد اور دیگر ڈاکو مینٹیشن ختم کر دی گئی ہے اور انہیں باردانہ" پہلے آئیے پہلے پائیے"کی بنیاد پر وافر مقدار میں ملے گا۔

عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے گندم کی سرکاری قیمت میں اضافہ پنجاب کے کاشتکاروں کے لئے بڑی خوشخبری ہے اور انشاء اللہ پنجاب حکومت اس سال بھی گندم خریداری کا ہدف مکمل کرے گی۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ وہ خود بھی مختلف شہرو ں میں گندم خریداری مراکز کا دورہ کریں گے اور محکمہ خوراک کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوتاہی پر سخت کاروائی ہوگی۔ 







تبصرے