پنجا ب بھر میں گندم خریداری مراکز پر کام شروع،4لاکھ سے زائد باردانے کے بیگ تقسیم
پنجا ب بھر میں گندم خریداری مراکز پر کام شروع،4لاکھ سے زائد باردانے کے بیگ تقسیم
گندم کی بہترین پیداوار متوقع،جنوبی پنجاب کے اضلاع کے خریداری مراکز پر تیزی ہے
پہلی بار کسان کو 1800روپے فی من کے نرخ سے گندم کی قیمت ملے گی:عبدالعلیم خان
پنجاب بھر کے گندم خریداری مراکز پر باردانے کی تقسیم اور گندم کی خرید کا کام شروع ہو گیا ہے اور اب تک باردانے کے 4لاکھ سے زائد بیگز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ محکمہ خوراک اور مقامی انتظامیہ کا عملہ تمام اضلاع میں قائم کیے گئے مراکز پر ہمہ وقت الرٹ ہے۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کو محکمانہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے کسان دوست اقدام اٹھاتے ہوئے کاشتکاروں کو باردانے کی فراہمی کے لئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بھی مہیا کر رکھی ہے۔اسی طرح کسانوں کو باردانے کے حصول کے لئے زمین کی فرد سمیت تمام پابندیوں سے مستثیٰ کر دیا گیا ہے اور و ہ کسی رکاوٹ کے بغیر اپنی ضرورت کے مطابق باردانہ حاصل کر سکتے ہیں۔
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے بر وقت اقدام سے پنجاب کے کاشتکاروں کو پہلی بار1800روپے فی من کے نرخ سے گندم کی قیمت ملے گی جو صوبے کی دیہی آبادی کے لئے کسی خوشخبری سے کم نہیں۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ رواں سال پنجاب میں گندم کی بہترین پیداوار متوقع ہے اور تا حال جنوبی پنجاب کے ملتان،ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں گندم کی خرید کے حوالے سے تیزی سامنے آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گندم کی خرید کا ٹارگٹ پورا کریگی اور کاشتکاروں کو اُن کی محنت کا معاوضہ کسی رکاوٹ کے بغیر ملے گا۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے بتایا کہ فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ کسانوں کو خریداری مراکز پر زیادہ سے زیادہ سہولتیں بہم پہنچائیں اور انہیں کسی قسم کی مشکل نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک سے روزانہ کی بنیاد پر گندم کی خرید کا ڈیٹا لے رہے ہیں جس میں ضلع وار اعداد و شمار سامنے آئیں گے اور اس امر کو یقینی بنایا جا ئے گا کہ حکومت کا طے شدہ ہدف حاصل ہو سکے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں