قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ عملی اقدامات ہونے چاہئیں:عبدالعلیم خان
قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے زیادہ سے زیادہ عملی اقدامات ہونے چاہئیں:عبدالعلیم خان
ملتان اور ڈی جی خان کی جیلوں کے مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کی طرف سے سہولتوں کی فراہمی
نئی بیریکس کی تزئین و آرائش،200پنکھے نصب،واٹر چلرز وپینے کے صاف پانی کی فراہمی
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جیلوں میں قیدیوں کے حالات تبدیل کرنے کی بہت سی گنجائش موجود ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی وسائل کے علاوہ مخیر حضرات اور رفاعی اداروں کی طرف سے قیدیوں کی فلاح و بہبو د کے لئے زیادہ سے زیادہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ جیلوں میں بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری ہو سکے اور سزا کاٹنے والوں کو مزید اذیت سے بچاکر انہیں زندگی کے اصل دھارے میں شامل کیا جا سکے۔
اس امر کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کے حوالے سے ملتان اور ڈیرہ غازی خان کی جیلوں میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے کیے جانے والے اپ گریڈیشن اور مختلف فلاحی کاموں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ لاہور، قصور اور شیخوپور ہ کی جیلوں میں اپ گریڈیشن اور فلاحی کاموں کے بعد فاؤنڈیشن نے ڈیرہ غازی خان اور ملتان کی جیلوں میں خطیر رقم سے متعدد فلاحی منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں 200پنکھوں کی تنصیب،مختلف بیریکس کی تزئین و آرائش،جیل ہسپتال میں نئے بیڈز کی فراہمی اور واٹر چلرز کی مرمت و بحالی شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام قیدیوں کے لئے پینے کے صاف اور وافر پانی کی فراہمی کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ جیل کے کچن میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی ستھرائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔اسی طرح ملتان اور ڈی جی خان کی جیلوں میں بیریکس سے باہر کے ماحول کو بھی بہتر بنایا گیا ہے،پودے لگانے،پیدل چلنے کے راستے اور باتھ رومز کو بھی معیاری بنایا گیا ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اُن کی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے اپنے وسائل سے سارا سال فلاحی کام جاری رکھے جاتے ہیں اور اس فاؤنڈیشن کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ کسی اور ادارے یا شخص سے کسی قسم کا عطیہ وصول نہیں کرتی اور سارے اخراجات اپنے وسائل سے عمل میں لائے جاتے ہیں۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں