وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت ضرور سرخرو ہوگی:عبدالعلیم خان

 وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت ضرور سرخرو ہوگی:عبدالعلیم خان 

 پی ٹی آئی کے گزشتہ25برس سیاسی جدوجہد اور کارکنوں کی دیرینہ کاوشوں کا استعارہ ہیں 

 کورونا اور دیگر چیلنجز کے باوجود استحکام کی طرف گامزن ہیں:سینئر وزیر کی یوم تاسیس پر گفتگو

  سینئر وزیر پنجاب اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ25برس تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد اور کارکنوں کی دیرینہ کاوشوں کا استعارہ ہیں،انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت درپیش مسائل پر قابو پاتے ہوئے ضرور سرخرو ہوگی۔تحریک انصاف کے25ویں یوم تاسیس پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں عمران خان نے ملک سے روائتی سیاست کو تبدیل کرتے ہوئے دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کی طرف پیش رفت کی اور عام پاکستانی کی کاوشوں کے باعث آج تحریک انصاف اقتدار میں ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شخصیت سے ملک کی سیاست کو نیااور مثبت رحجان ملا اور ایک عام شہری کا سیاسی ویژن بلند ہوا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کورونا اور دیگر چیلنجز کے باعث موجودہ حکومت کو رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس تمام تر صورتحال کے باوجود موجودہ حکومت استحکام کی طرف گامزن ہے اور معاشی محاذ پر ہر آنے والا دن کامیابیوں کی نوید دے رہا ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ آئندہ اڑھائی برسوں میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں زیادہ تیزی کے ساتھ ملکی مسائل حل کریں گے اور ٹھوس بنیادوں پر ترقی و خوشحالی کا خواب ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے تحریک انصاف کے 25ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن پارٹی کے ہر کارکن،ورکر اور سپورٹر کے لئے قابل فخر ہے کیونکہ اس کے لئے پاکستان سے ہی نہیں دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں نے اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کیا اور پی ٹی آئی کی وہ حکومت قائم کی جو گزشتہ ادوار کے مقابلے میں کہیں زیادہ شفاف ریکارڈ کی حامل ہے۔               



 


تبصرے