سیاسی کارکن پارٹی کا حقیقی اثاثہ ہوتے ہیں،خدمات فراموش نہیں کر سکتے:عبدالعلیم خان

سیاسی کارکن پارٹی کا حقیقی اثاثہ ہوتے ہیں،خدمات فراموش نہیں کر سکتے:عبدالعلیم خان

 سینئر وزیر کی پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن سلیم شبراتی کے گھر آمد،وفات پر اظہار تعزیت کیا

 عبدالعلیم خان کی پی پی 163سے پارٹی ا میدوار بلال اسلم بھٹی سے والدہ کی تعزیت

  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سیاسی کارکن کسی بھی پارٹی کا حقیقی اور قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جن کی خدمات کو کسی طور بھی فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کرنے والے کارکن یادگار حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے تبدیلی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کیں۔اس امر کا اظہار انہوں نے پارٹی کے دیرینہ کارکن سلیم شبراتی کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ سلیم شبراتی سے 20سال کی طویل رفاقت تھی،وہ ایک مخلص اور بے لوث کارکن تھے جن کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے سلیم شبراتی کے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اُن کے لواحقین کو یہ صدمہ ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔عبدالعلیم خان نے سلیم شبراتی کے اہل خانہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور اُن کے صاحبزادوں کے لئے اپنے ادارے میں ملازمت کنفرم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان پی پی163سے پی ٹی آئی کے امیدوار صوبائی اسمبلی بلال اسلم بھٹی کے گھر بھی گئے اور اُن سے اُن کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ نا قابل تلافی نقصان ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس موقع پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے وہاں موجود پارٹی کارکنوں سے گفتگو کی اور اُن سے اُن کی خیریت دریافت کی۔          






تبصرے