مالیاتی ذخائر بلند ترین سطح پر،جی ڈی پی کا 4فیصد ہونا وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہے
مالیاتی ذخائر بلند ترین سطح پر،جی ڈی پی کا 4فیصد ہونا وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہے
کرنٹ اکاؤنٹس773ملین ڈالر سرپلس،معاشی رینکنگ خاطر خواہ بڑھی:عبدالعلیم خان
معاشی اعشاریے واضح طور پر مثبت،پہلے10ماہ میں برآمدات21بلین ڈالر
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں جی ڈی پی کی شرح کا 4فیصد ہونا اور مالیاتی ذخائر کا بلند ترین سطح پر جانا وزیر اعظم عمران خان کی معاشی محاذ پر کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی تصدیق موڈیز جیسے عالمی ادارے بھی کر رہے ہیں کہ گزشتہ5برسوں میں 23بلین ڈالر اکٹھے ہوئے اور10برسوں بعد پہلی مرتبہ کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس773ملین ڈالر سرپلس ہوا جس کے ملکی معیشت پر ہر لحاظ سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اپنے ٹوئٹس میں سینئروزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ملکی سطح پر سامنے آنے والے معاشی اعداد و شمار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ3برسوں میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں 2گنا اضافہ ہوا اور اس شعبے نے 2بلین ڈالر کی حد بھی عبور کر لی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ8برسو ں کے مقابلے میں بزنس فرینڈلی ماحول میں اضافہ ہوا اور معاشی رینکنگ خاطر خواہ حد تک بڑھی جس کے مطابق ملک میں کاروں کی فروخت 54فیصدمزید ہوئی جبکہ ٹریکٹرز 62اور موٹر سائیکلیں 34فیصد زیادہ فروخت ہوئیں۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ6برسوں بعد رواں سال بیرونی قرضوں میں سب سے کم شرح کے ساتھ اضافہ ہوا اور رواں سال 2021میں معاشی اعشاریے واضح کر رہے ہیں کہ حکومت درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی شخصیت پر اعتماد کرتے ہوئے اوور سیز پاکستانیوں کے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں ایک بلین ڈالر ڈیپازٹ ہوئے،ملک میں صنعت کا پہہ رواں دواں ہے،نجی سیکٹر میں روزگار کے مواقع بڑ ھ رہے ہیں۔عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے10ماہ میں ملکی برآمدات21بلین ڈالر کی حد کو چھو چکی ہیں اور یہ مثبت تبدیلی سب کے سامنے ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔اپنے ٹوئٹس میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ تمام تر چیلنجز اور کورونا کے درپیش خطرا ت کے باوجود ملک میں مستحکم اور دیرپا ترقی کی بنیاد ڈال دی گئی ہے جس کے آنے والے دنوں میں مزید مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں