76 فیصد ہدف حاصل: پنجاب میں 26لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدلی گئی:سینئر و وزیر خوراک

76 فیصد ہدف حاصل: پنجاب میں 26لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدلی گئی:سینئر و وزیر خوراک

98 فیصد باردانہ تقسیم ہوچکا،خریداری مراکز پرسرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں:عبدالعلیم خان

  محکمہ خوراک کی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر سخت کاروائیاں 

  سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں گندم خریداری کی مہم زور و شور سے جاری ہے اور اب تک پنجاب میں گندم کی خرید کا76فیصد ہدف حاصل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ خوراک پنجاب نے 26لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کی خرید کر لی ہے جبکہ صوبے میں کاشتکاروں کو98فیصد سے زائد باردانے کی تقسیم بھی عمل میں لائی جا چکی ہے۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں خریداری مراکز پر محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ کاوشوں سے کسانوں کو گندم کی خرید میں تمام ممکنہ سہولیات بہم پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق امسال پنجاب میں کاشتکاروں کو گندم کی قیمت 1800روپے فی من کے حساب سے ادا کی جا رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ کسان اور صارف کے مابین موجود مڈل مین کے کردار کو کم سے کم کیا جا سکے۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید بتایا کہ محکمہ خوراک سے صوبے میں گندم کی خرید کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ پنجاب حکومت بر وقت گندم کی خرید کے لئے اپنا طے شدہ 35لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف حاصل کرلے اور یہ گندم سبسڈائزڈ نرخوں پر فلور ملز کو فراہم کی جائے۔

سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لئے تمام شہروں میں کاروائیاں جاری ہیں،گوجرانوالہ ڈویژن سے گندم کی 27600بوریاں برآمد کر لی گئی ہیں جبکہ بہاولپور کے نجی گوداموں سے 12000 اور منڈی بہاؤ الدین سے11500 بوریاں ضبط کر لی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہسیالکوٹ،وزیر آباد،نوشہرہ ورکاں،کامونکی،منڈی یزمان اور دیگر شہروں سے بھی گندم کی بوریاں تحویل میں لے کرذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کاشتکار بلا جھجھک خریداری مراکز پر اپنی گندم فروخت کریں،انہیں اُن کی محنت کا بر وقت معاوضہ ملے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت کسی کو بھی گندم ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اس ضمن میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ 24گھنٹے ہائی الرٹ رہ کر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور بلا امتیاز سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔

تبصرے