گندم خریداری 85فیصد کی حد عبور کر گئی،100فیصد سے زائد باردانہ بھی تقسیم ہوچکا
گندم خریداری 85فیصد کی حد عبور کر گئی،100فیصد سے زائد باردانہ بھی تقسیم ہوچکا
لاک ڈاؤن میں بھی گندم خریداری مراکز کام کرتے رہیں گے،عید پر دو چھٹیاں ہونگی
سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا صوبے میں گندم خریداری مہم پر اظہار اطمینان
پنجاب میں گندم کی سرکاری سطح پر خریداری 85فیصد کی حد بھی عبور کر چکی ہے جبکہ کسانوں کو 100فیصد سے زائد باردانہ تقسیم ہو چکا ہے اور خریداری مراکز پر سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔مزید برآں لاک ڈاؤن کے دوران بھی پنجاب بھر میں گندم خریداری کے مراکز کام کرتے رہیں گے اور صرف عید اور اُس کے اگلے دن دو چھٹیاں ہوں گی۔اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق گندم کی خرید86.9فیصد اور باردانہ104فیصد تقسیم ہو چکا ہے جبکہ ڈائریکٹر فوڈ سمیت متعلقہ حکام مختلف اضلاع اور فیلڈ میں رہ کر گندم کی خریداری اور کسانوں کو دی جانے والی سہولیات کا موقع پر جائزہ لے رہے ہیں۔
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے صوبے میں خریداری مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امسال پنجاب کے لئے سرکاری طور پر گندم کی خرید کا ہدف 35لاکھ میٹرک ٹن طے کیا ہوا تھا اورگزشتہ برسوں کی نسبت اس مرتبہ زیادہ تیزی سے گندم کی خرید عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے بھر سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ حاصل کر رہے ہیں اور انشاء اللہ توقع ہے کہ بہت جلد 100فیصد ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے کسانوں کو پہلی مرتبہ سرکاری طور پر گندم کی فی من قیمت1800روپے کے حسا ب سے دی جا رہی ہے،محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے خریداری مراکز پر بہترین اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ صوبے سے گندم کی سمگلنگ یا ذخیرہ اندوزی پر بھی کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ محکمہ خوراک کو خرید کی جانے والی گندم کو حفاظت رکھنے کے لئے بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انشاء اللہ توقع ہے کہ گندم کی فصل کے مطابق کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں