قیدیوں کیلئے عید پر بڑا ریلیف،فلاحی ادارے نے لاکھوں روپے کے جرمانے ادا کر دیے
قیدیوں کیلئے عید پر بڑا ریلیف،فلاحی ادارے نے لاکھوں روپے کے جرمانے ادا کر دیے
کوٹ لکھپت و اڈیالہ جیل سے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن نے 50سے زائد قیدی رہا کرا دیے
امید ہے یہ قیدی جیلوں سے نکل کر معاشرے کے مفید شہری بنیں گے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان
عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کے لئے بڑا ریلیف سامنے آیا ہے اور ایک فلاحی ادارے نے جرمانوں اور دیت کی ادائیگیاں نہ ہونے کے باعث جیلوں میں بند قیدیوں کے لاکھوں روپے کے جرمانے ادا کر کے انہیں گھروں میں عید منانے کا موقع فراہم کیا ہے۔عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے کوٹ لکھپت جیل لاہور اور اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 50سے زائدقیدیوں کی واجب الادا رقم جمع کروا دی گئی ہے جس کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔یہ قیدی اپنی سزا کاٹنے کے بعد مختلف جرائم میں جرمانوں کی عدم ادائیگی کے باعث مجبوراً قید تھے اور انہیں اب کھلی ہوا میں سانس لینے کا موقع مل گیا ہے۔رہا ہونے والے ان قیدیوں کا تعلق لاہور،قصور،شیخوپورہ،گجرات و دیگر شہروں سے ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے سربراہ سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ان قیدیوں کی رہائی خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کروائی گئی ہے تاکہ مالی مجبوریوں کے باعث قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اس سے چھٹکارا پا سکیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نفرت جرم سے ہونی چاہیے اور کسی مجبوری یا بے بسی میں قید شہریوں کی ضرور مدد ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن مختلف جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور اُس سے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے جیل حکام کو دیت اور جرمانوں کی ادائیگی کر کے مختلف شہروں سے قیدیوں کو ریلیف فراہم کیا ہے۔عبدالعلیم خان نے امید ظاہر کی کہ یہ قیدی جیلوں سے نکل کر معاشرے کے مفید شہری بنیں گے اور آئندہ ایسے جرائم کا ارتکاب نہیں کریں گے جو انہیں ایسی مجبوریوں میں مبتلا کر دیں۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں