عمران خان کو سعودی عرب میں تاریخی پذیرائی ملی،دورہ سنگ میل ثابت ہوگا:عبدالعلیم خان

 عمران خان کو سعودی عرب میں تاریخی پذیرائی ملی،دورہ سنگ میل ثابت ہوگا:عبدالعلیم خان 

وزیر اعظم نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے اہم کردار ادا کیا، ثمرات کی توقع ہے 

 مختلف شعبوں میں دو طرفہ نئے باہمی تعلقات کا آغاز ہونے جا رہا ہے:سینئر وزیر پنجاب 

  سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا حالیہ دورہ سعودی عرب ہر لحاظ سے کامیاب رہا ہے اور یہ آنے والے دنوں میں بلا شبہ دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات میں گرم جوشی اور بہتری کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

سعودی عرب سے واپسی پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس دورے سے ایک طرف سعودی عرب سے پاکستان کے دوستانہ تعلقات کی تجدید ہوئی تو دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے پر اعتماد انداز میں باہمی معاملات پر مثبت پیش رفت کی ہے جس سے مختلف شعبوں میں پاک سعودی نئے دو طرفہ باہمی تعلقات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس دورے میں عمران خان نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بھی اہم کردار ادا کیا ہے جس سے اُن کو درپیش دیرینہ مسائل کا حل ممکن ہوگا اور وطن عزیز میں زر مبادلہ بھیجنے والی پاکستانی کمیونٹی زیادہ فعال انداز میں آگے بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب میں تاریخی پذیرائی ملی ہے اور وہاں سعودی عرب کے اعلیٰ حکام کے علاوہ او آئی سی سے بھی کامیاب سیشن ہوئے ہیں جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور جس سے ملکی سطح پر ثمرات کی توقع ہے۔ 

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کے اس دورہ سعودی عرب سے دونوں ملکوں کے مابین موجود تاریخی اور دیرینہ تعلقات مثبت رخ اختیار کریں گے جس کے اچھے اثرات پاکستان کی معیشت میں بھی سامنے آئیں گے۔سینئر وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اُن کا دورہ سعودی عرب یادگار لمحات کا حامل تھاجس میں انہیں بھی وطن عزیز کی نمائندگی کرنے کا موقع ملا ہے۔ 






تبصرے