اسرائیلی فورسز نے فلسطینی شہدا ء کا جشن منا کر دہشتگردی کا اعتراف کر لیا:عبدالعلیم خان

 اسرائیلی فورسز نے فلسطینی شہدا ء کا جشن منا کر دہشتگردی کا اعتراف کر لیا:عبدالعلیم خان 

 معصوم بچوں اور نہتی لڑکیوں پر گولیاں برسانے والے انسانیت کے دشمن ہیں:ٹوئٹ

 مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں:سینئر وزیر پنجاب

  ۔۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے نہتے اور معصوم فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو نا قابل برداشت اور انسانیت کے خلاف کھلی جنگ قرار دیا ہے،فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے پیغام میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے فلسطینی شہداء کا جشن منا کر درحقیقت دہشتگردی کا اعتراف کر لیا ہے اور وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کی ان بلا جواز کاروائیوں کا فوری نوٹس لے اور فلسطینیوں کاحق آزادی تسلیم کیا جائے۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے فلسطینی بھائیوں کی حمائیت میں کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ معصوم بچوں اور نہتی لڑکیوں پر گولیاں برسانے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں،21ویں صدی میں ایسے انسانیت سوز مظالم کا تصوربھی نہیں کیا جا سکتا جس میں عام شہریوں اور بزرگوں کو کسی جواز کے بغیر موت کے گھاٹ اتارا جائے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ صیہونیت کا پرچار کرنے والوں کی انسانیت دشمنی پر مبنی کاروائیں منظر عام پر آچکی ہیں لیکن دنیا بھر کے مسلمان فلسطین کی آزادی کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے اور انشاء اللہ وہاں کے شہریوں کو اُن کا پیدائشی حق ضرور ملے گا، فلسطین آزاد ہو کر رہے گا اور اسرائیل کو اس تسلط سے دستبردار ہونا پڑے گا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس دنوں میں مسلمان آبادی پر ایسی دہشت ناک بمباری ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے جس کے خلاف وزیر اعظم عمران خان نے بھی واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے اور فلسطینی بھائیوں کو مکمل مدد کا یقین دلایا ہے۔




تبصرے