کورونا،کشمیر اور فلسطین کی صورتحال: سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے عید سادگی سے منائی

 

کورونا،کشمیر اور فلسطین کی صورتحال: سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے عید سادگی سے منائی 

 موجودہ ملکی و عالمی حالات دل گرفتہ ہیں، اللہ تعالیٰ سے بہتری کے لئے دعا گو ہیں 

    سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور میں عید الفطر سادگی سے منائی اور اپنی رہائشگاہ کے پاس ہی عید کی نمازادا کی۔انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا، کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کے پیش نظر حالات کا تقاضا یہی تھا کہ ہم سب ایس ا و پیز پر عمل کرتے ہوئے دوسرے لوگوں کا خیال رکھیں اور عید الفطر پر خصوصی طور پر احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عید الفطر کی روائتی خوشیاں ماند رہی،ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے بالخصوص فلسطین میں رمضان المبارک کے آخری دنوں اور عید الفطر کے روز معصوم مسلمانوں کا جس طرح کا خون بہایا گیا اُس پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سارا عالم اسلام اپنے مظلوم بھائیوں کیلئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں صیہونی جبر و استبداد سے نجات دلائے۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے بھی فلسطینی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کا اعادہ کیا ہے اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عالمی برادری کو موجودہ حالات کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا خون بہانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ 

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہریوں کی تھوڑی سی احتیاط سے ملک میں کورونا کی شرح نیچے آنا شروع ہو گئی ہے اور اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا تو انشاء اللہ صورتحال مزید بہتری کی طرف جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے اور ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ اب ہمیں تیزی سے ویکسی نیشن کی طرف جانا ہوگا تاکہ جلد ا ز جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹا جا سکے۔

تبصرے