وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے:عبدالعلیم خان

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے:عبدالعلیم خان 

 ریکوڈک کیس و پی آئی اے کے اثاثوں میں پیش رفت خوش آئند امر،ملکی وقار میں اضافہ ہوا

 حکومت ہر شعبہ مستحکم چاہتی ہے،سابقہ ادوار میں اداروں کا استحصال کیا گیا:سینئر وزیرپنجاب

   سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر محاذ پر بڑی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے،ریکوڈک کیس اور پی آئی اے کے اثاثوں میں مثبت پیش رفت کاسامنے آنا خوش آئند امر ہے اور اس ضمن میں برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ کے پاکستان کے حق میں فیصلے بڑی کامیابیاں ہیں جن پر ساری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دور اندیشانہ اور بہادرانہ فیصلوں نے بین الاقوامی سطح پر ملکی وقار میں اضافہ کیا ہے، موجودہ حکومت معاملات کو احسن انداز میں آگے بڑھا رہی ہے جس کا ہر شعبے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے مقابلے میں سابقہ ادوار میں پی آئی سمیت قومی اداروں کا بری طرح سے استحصال کیا گیا اور ملکی اداروں کے مقابلے میں ذاتی مفادات کو ترجیح دی گئی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اداروں کے لئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور ساری قوم کو اعتماد ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مضبوط بنانے کے لئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان اپنے ویژن اور تجربے کو برؤئے کار لاتے ہوئے اقوام عالم میں پاکستان کا وہ امیج سامنے لا رہے ہیں جس سے قومی ادارے مستحکم ہوں گے اور ملکی معیشت بھی بہتر ہوگی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آئندہ اڑھائی برسوں میں زیادہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھے گی اور پاکستان صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔                                      



تبصرے