وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ماحولیاتی شعبے میں واضح پیش رفت ہوئی:عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ماحولیاتی شعبے میں واضح پیش رفت ہوئی:عبدالعلیم خان
ماحولیات کا بلا واسطہ تعلق انسانی زندگی کے معیار سے ہے،ملک کو سر سبز و شاداب بنارہے ہیں
پہلی مرتبہ قدرتی ایکو سسٹم کی بحالی کیلئے کام جاری،ہر شہری کو عملی طور پر بہتری لانا ہوگی:ٹوئٹ
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بھر میں ماحولیات کے شعبے میں واضح پیش رفت ہوئی ہے اور گزشتہ دورحکومت میں صوبہ کے پی کے میں شروع ہونے والے ماحولیاتی بہتری کے منصوبوں کو اب ملک بھر میں پھیلایا جا رہا ہے جس کے مثبت اثرات بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے شہریوں کے لئے اپنے پیغام اور ٹوئٹ میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ وزیر اعظم عمران خان کی ہمیشہ اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے، بلین ٹری سونامی اور کلین گرین پاکستان جیسے منصوبے لائق تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک میں قدرتی" ایکو سسٹم" کی بحالی کے لئے عملی کام کیا جا رہا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری ماحول کو بہتربنانے اور اُس کے تحفظ کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ صرف درخت لگانا ہی کافی نہیں،اُن کی مناسب نشوونما اور دیکھ بھال بھی ضروری ہے،اللہ تعالیٰ کی درختوں جیسی بیش قیمت تخلیق کی حفاظت ہم سب کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے مابین بھی بڑا فرق ماحولیات کا ہے جس میں صنعتوں اور کارخانوں سے نکلنے والے ویسٹ،دھوئیں اور ٹرانسپورٹ کے باعث قدرتی ماحول کو درپیش خطرات شامل ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں ہر شعبے کو بہتر سے بہتر بنانا چاہتے ہیں اسی لیے حکومت نے ماحولیات کے میدان میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اہم منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے جس کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر ماحولیات کے میدان میں بہتر سے بہتر رینکنگ مل رہی ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں