صوبے کے8بڑے شہروں میں سستے آٹے کی فراہمی کیلئے خصوصی سیل پوائنٹس لگانے کا فیصلہ 

 ابھی فلور ملز پر کوئی ٹیکس نہیں لگا، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں:عبدالعلیم خان

 آٹے پر ماہانہ 2ارب روپے کی سبسڈی،313سہولت بازاروں کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت

سینئر وزیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال و چیف سیکرٹری کی شرکت 

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ عام شہریوں کو سستے آٹے کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سہولت بازاروں کے علاوہ 8بڑے شہروں میں خصوصی سیل پوائنٹس قائم کیے جائیں جہاں بڑے سٹورز کی بجائے گلی محلے کی دوکانوں پر یہ سستا آٹا موجود ہو۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ ابھی فلور ملز پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا لہذا آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے آج یہاں صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز سے منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی اور قیمتوں کے جائزے کیلئے منعقدہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بھی شرکت کی جبکہ خوراک، صنعت اور زراعت کے محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے صوبے کے 313سہولت بازاروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ 

سینئروزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب حکومت سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ماہانہ2ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے جس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ عام آدمی کو پہنچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سارا سال پنجاب میں 20کلو آٹے کا تھیلا 860روپے میں فراہم کیا گیا ہے اور اب بھی اسی قیمت پر سبز رنگ کے تھیلوں میں آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اجلاس میں سستے آٹے کے تھیلے کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی۔انہوں نے ہدایت کی کہ سہولت بازاروں میں عوام کو دیے جانے والے ریلیف کی مناسب تشہیر بھی کی جائے تاکہ عام آدمی کو ان بازاروں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی ہو سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ فلور ملز کو آٹے کی بوریوں پر ایکس مل اور ریٹیل پرائس واضح طور پر لکھنے کا پابند کیا جائے تاکہ کہیں شہریوں سے زیادہ دام وصول نہ کیے جائیں۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر شہری کو کھانے پینے کی اشیاء سستے داموں فراہم کرنے میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں جس کیلئے ہر ضلع میں انتظامیہ کو اس حوالے سے سخت ترین مانیٹرنگ یقینی بنانی چاہیے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی اور بہاولپور کے ڈپٹی کمشنرز سے سہولت بازاروں کے بارے میں استفسار کیا۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ خود مارکیٹ میں جا کر موقع پر صورتحال کا جائزہ لیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور،راولپنڈی، ملتان،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،سرگودھا اور بہاولپور میں آٹے کی سستے داموں کی فروخت کیلئے سپیشل پوائنٹس بنائے جائیں گے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہونے کے باعث سہولت بازاروں میں عوام کا رش کم ہوا ہے جہاں اب مزید سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔ 







تبصرے