ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر رہا ہوں، ایک پائی ضائع نہیں ہونے دینگے:عبدالعلیم خان
ترقیاتی کاموں کی نگرانی کر رہا ہوں، ایک پائی ضائع نہیں ہونے دینگے:عبدالعلیم خان
پندرہ کروڑ روپے سے ضرار شہید روڈ کا 70فیصد کام مکمل ، سیوریج و دیگر منصوبے زیر تکمیل
سینئر وزیر کو این اے 129کے منصوبوں پر بریفنگ،پارٹی رہنماؤں و کارکنوں کا اظہار تشکر
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پرخرچ ہونے والی سرکاری رقم عوام کی امانت ہے،وہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور کہیں ایک پائی بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ترقیاتی منصوبوں کو زیادہ سے زیادہ عام آدمی کیلئے مفید بنانے اور تمام کام دیرپا بنیادوں پر مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے جس کے لئے وہ خود موقع پر ڈویلپمنٹ کے پراجیکٹس کا معائنہ کریں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے این اے129اور پی پی158کے پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اس حلقے میں ہر سال10کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے جبکہ سڑکوں،سیوریج،واٹر سپلائی اور کارپیٹنگ سمیت مختلف ترقیاتی کاموں کے لئے خصوصی فنڈز مہیا کیے جا رہے ہیں جن کے درست استعمال کیلئے پارٹی کارکنوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو این اے 129اور پی پی158کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا کہ 15کروڑ روپے کی خطیر رقم کا ضرار شہید روڈ کے منصوبے کا70فیصد کام مکمل ہو چکا ہے،ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت کے باجا لائن روڈ کی کارپیٹنگ کا کام جاری ہے جبکہ ایک کروڑ روپے سے گجا پیر روڈ پر بڑی سیوریج لائن ڈالی جا رہی ہے۔انہیں مزید بتایا گیا کہ گورنمنٹ عارف ہائی سکول دھرمپورہ کی سڑک پر نئی سیوریج لائن ڈال کر وال ٹو وال کارپیٹنگ کر دی گئی ہے۔اسی طرح گڑھی شاہو،مصطفی آباد، گلستان اور فاضلیہ کالونی میں بھی ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔مقامی پارٹی رہنماؤں راجہ شہزاد،استاد رشید، میاں عامر خلیل،تقی شاہ،منیر آفتاب بھٹی،میاں کاشف،شیخ عمران اور کاشف حفیظ نے سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا حلقے میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام کروانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ان علاقوں میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈویلپمنٹ ورک ہو رہا ہے جس سے شہریوں کو خاطر خواہ سہولت ملی ہے۔انہوں نے سینئر وزیر کو مختلف ترقیاتی کاموں کے بارے میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں