بھارت 74 برسوں سے کشمیر میں ظلم و ستم روا رکھے ہوئے ہے،سینیئر وزیر عبدالعلیم خان
بھارت 74 برسوں سے کشمیر میں ظلم و ستم روا رکھے ہوئے ہے،سینیئر وزیر عبدالعلیم خان
بھارت بے نقاب ہو چکا، وزیر اعظم عمران خان نے دنیا پر مودی کی اصلیت آشکار کر دی
کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کر کے تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے
سینئر وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے 2سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ در حقیقت کشمیر میں گزشتہ 74برسوں سے ظلم و ستم روا رکھا جا رہا ہے اور نہتے اور معصوم کشمیریوں نے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کر کے آزادی کشمیر کی تحریک کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ٍ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے عالمی سفارتی محاذ پر پوری شد و مد کے ساتھ آزادی کشمیر کا پیغام عام کیا جس سے بھارت نہ صرف بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے بلکہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا پر مودی کی اصلیت بھی آشکار کر دی ہے انہوں نے کہا کہ اب بھارت کو دیر یا بدیر مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق فیصلہ کرتے ہوئے اسے اپنے تسلط سے آزاد کرنا ہی ہوگا،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ کشمیریوں بھائیوں پر ڈھائے جا نے والے ظلم و ستم کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے 5اگست کو تاریخ میں یوم سیا ہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں آج کے دن جس طرح سے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی گئی ہے وہ عالمی برادری کو اس اہم اور حساس مسئلے کی طرف متوجہ کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے جس کے مثبت نتائج ضرور سامنے آئیں گے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کا دل اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور وہ ان کی جلد از جلد آزادی کیلئے دعا گو ہیں۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں