یوم آزادی: سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی حضوری باغ آمد، مزار اقبال پر حاضری، پرچم کشائی کی
یوم آزادی: سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی حضوری باغ آمد، مزار اقبال پر حاضری، پرچم کشائی کی
چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں
سینیٹر اعجاز چوہدری، صوبائی وزراء میاں محمود الرشید اور پیر سید سعید الحسن و دیگر کی شرکت
آج کا دن برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے:عبدالعلیم خان
یوم آزادی کے حوالے سے حضوری باغ میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جس کے بعدسینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے پرچم کشائی کی۔انہوں نے مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ سینیٹر اعجاز احمد چوہدری، صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، پیر سید سعید الحسن شاہ و دیگر اہم سماجی شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے طلبا و طالبات کے ہمراہ ملی نغمے گائے، پاکستانی پرچم سے مزئین جھنڈیاں لہرائیں اور وہاں موجود بچوں کو شاباش دی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ آج کا د ن بلا شبہ بر صغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہیں ہم کسی صورت فراموش نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کے باعث علیحدہ مملکت وجود میں آئی اور آج یہ امر تسلی بخش ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں وطن عزیز درست ٹریک پر گامزن ہے، ملک دن بدن توانا اور مضبوط ہو رہا ہے اور اب ہم سب کو وطن عزیز کی مزید بہتری کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے جو قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت، جدوجہد اور شہداء کی بے شمار قربانیوں کی بدولت ہمیں ملا ہے۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیری بھائیوں کی قربانیاں بھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ بھی جلد یا بدیر آزادی کا سورج ضرور دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان مادروطن کے تحفظ کے لئے ہمہ وقت سینہ سپر اور تیار ہیں اور اس دھرتی پر اپنی جانیں قربان کرنے والے قوم کے ہیرو اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج کے دن ہم سب کو ملک وقوم کی سلامتی و خوشحالی کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے اور اس کی ترقی و مضبوطی کے لئے دن رات کوشاں رہنے کا عہد کرنا چاہیے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل اپنے اسلاف کی قربانیوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کیلئے جذبہ حب الوطنی کے تحت اپنی تمام کاوشیں برؤئے کار لائے او ر اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں۔یوم آزادی کی تقریب میں طلبا وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، ملی نغمے گائے اور ایک دوسرے کو اس دن کی مبارکباد دی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں