پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کیلئے مسلسل جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے:عبدالعلیم خان
پاک فوج سرحدوں کی حفاظت کیلئے مسلسل جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے:عبدالعلیم خان
وزیر اعظم عمران خان نے افغان مسئلے پر حقیقت پسندانہ پالیسی اختیار کی:سینئر وزیر کا ٹوئٹ
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں موجودہ حکومت اور پاک فوج کو دوہرے چیلنجز کا سامنا ہے،افواج پاکستان کے جوان ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لئے مسلسل اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں اور ساری قوم اُن کے ساتھ عقیدت کا اظہار کرتی ہے۔
اپنے ٹوئٹ میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان مسئلے پر شروع دن سے ہی حقیقت پسندانہ پالیسی اختیار کی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اُن کا موقف سو فیصد درست ثابت ہوا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو افغانستان کے باعث گزشتہ چارعشروں سے خصوصی چیلنجز درپیش ہیں اور افغان مہاجرین سمیت پاکستان کے اندرونی حالات کو بھی خطرات لاحق رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مرتبہ پھر عالمی تناظر میں خصوصی اہمیت حاصل ہو گئی ہے اور موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انشاء اللہ درست اقدام اٹھائے گی۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں سرحد پار افغانستان سے پاک فوج کی چوکی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اس افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے حوالدار گل امیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حملے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں