گندم وافر مقدار میں موجود، ابھی حکومت گندم ریلیز نہیں کر رہی:سینئر و وزیر خوراک
گندم وافر مقدار میں موجود، ابھی حکومت گندم ریلیز نہیں کر رہی:سینئر و وزیر خوراک
اپنے ذاتی مفاد کیلئے حکومت پر گندم کی ریلیز کیلئے دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا
مارکیٹ میں ذخائر وافر ہیں،ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دینگے:عبدالعلیم خان
سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے واضح کیا ہے کہ مارکیٹ میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے،صوبے بھر میں کہیں بھی کسی قسم کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں اور شہریوں کو گندم و آٹے کی بلا روک ٹوک فراہمی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب حکومت اور محکمہ خوراک مارکیٹ کی صورتحال پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے اور حکومت مناسب وقت پر گندم ریلیز کرنے کا فیصلہ کرے گی۔
پنجاب میں گندم کی موجودہ صورتحال اور اس حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر جاری کردہ خصوصی بیان میں سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ کوئی بھی اپنے ذاتی مفاد کے لئے پنجاب حکومت پرگندم کی ریلیز کے لئے دباؤ نہیں ڈال سکتاجبکہ اوپن مارکیٹ میں پہلے ہی گندم زیادہ مقدار میں موجود ہے لہذا سرکاری گندم کی ریلیز کے ذریعے ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ سال گندم پر85ارب روپے کی خطیر رقم کی سبسڈی دی۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی گندم کی بمپر فصل ہوئی ہے جس کی کسانوں کو بھی بہترین قیمت ادا کی گئی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ محکمہ خوراک رواں سال سیزن کے اختتام تک گندم و آٹے کی بلا روک ٹوک وافرفراہمی یقینی بنانا چاہتا ہے اسی لیے صورتحال کے مطابق جیسے ہی مناسب ہوا سرکاری گندم کی ریلیز شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ آئندہ سال بھی گندم کی بمپر فصل متوقع ہے اور انشاء اللہ کہیں کوئی کمی نہیں ہوگی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں