سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی سروسز ہسپتال آمد، ڈائلسز یونٹس کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا
سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی سروسز ہسپتال آمد، ڈائلسز یونٹس کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا
سروسز ہسپتال میں 36مشینوں پر مشتمل 3منزلہ ڈائلسز بلاک تکمیل کے مراحل میں داخل
جدید مشینیں جرمنی سے درآمد،تمام اخراجات عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن برداشت کریگی
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے سروسز ہسپتال کے دورے کے دوران ڈائلسز یونٹس کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا اور اب تک کے کیے گئے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائلسز کے مریضوں کے لئے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی طرف سے معیاری اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سروسز ہسپتال میں جدید طبی سہولتوں سے مزئین 3بلاکس پر مشتمل ڈائلسز وارڈز کا معائنہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ یہاں فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ڈائلسز کی 36جدید مشینیں نصب ہوں گی اور یہ مشینیں جرمنی سے درآمد کی جا چکی ہیں جس کے تمام اخراجات عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن اٹھا رہی ہے۔سینئر وزیر کو بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن ان ڈائلسز یونٹس کو سروسز کے نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے چلائے گی جبکہ ڈائلسز کے تینوں بلاک ائیر کنڈیشنڈ ہوں گے جہاں ڈائلسزکے مریضو اوراُن کے ساتھ آنے والے اٹینڈنٹس کو بھی مناسب سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خالد بشیر نے بریفنگ میں بتایا کہ فاؤنڈیشن نئے بلاک کی تکمیل پر ڈائلسز مشینوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرے گی جبکہ سروسز ہسپتال کے علاوہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن میو ہسپتال میں بھی اسی طرز کے ڈائلسز یونٹس پر کام جاری رکھے ہوئے ہے جسے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فاؤنڈیشن صحت، تعلیم اور عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں پر گزشتہ 15برسوں سے کام کر رہی ہے جس کا مقصد کسی قسم کی سیاسی و دیگر وابستگی سے بالا تر ہو کر صرف اور صرف انسانی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کسی بھی سرکاری و نجی ادارے کی مدد کے بغیرصرف اور صرف اپنے وسائل سے فلاحی کام کرتی ہے، اس فاؤنڈیشن نے کوٹ لکھپت جیل لاہور سمیت صوبے کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کی سہولت کے لئے بڑے پیمانے پر فلاحی کام کیا ہے جسے وقت کے ساتھ ساتھ جاری رکھا جا رہا ہے۔ اسی طرح مختلف علاقوں میں فری ڈسپنسریوں کا قیام، واٹر فلٹریشن پلانٹس، یتیم بچیوں کیلئے اقامتی و تعلیمی ادارے اور غریب و نادار لوگوں کی مالی امداد بھی عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے منصوبوں میں شامل ہے جس پر با قاعدگی کے ساتھ خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سروسز اور میو ہسپتال میں ڈائلسز وارڈز کی جلد تکمیل کا اعادہ کیا تاکہ ضرورت مند لوگوں کو مفت طبی سہولیات حاصل ہو سکیں۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں